زمرہ جات: حکایت - مزاح

حیران بندر

ایک بندر جنگل سے کسی انسانی آبادی میں نکل آیا۔ وہ کچھ عرصہ انسانوں میں ہی رہا اور انسانی بود و باش کو دیکھ کر واپس جنگل میں چلا گیا۔ برادری میں پہنچتے ہی سارے جنگل کے بندروں نے اسے ایک اونچے درخت پر بٹھایا اور کہا کہ انسانی آبادی کے بارے میں کچھ بتاؤ۔

اس بندر نے اپنی روداد سناتے ہوئے کہا کہ شہر میں جہاں پر میں ٹھہرا ہوا تھا وہاں ایک انسان بندر رہتا تھا۔ اس کی بیوی اور بچے بھی تھے۔ انسان بندر صبح سویرے روزی کی تلاش میں نکلتا اور رات کو واپس آتا مگر وہ جیسے ہی گھر میں داخل ہوتا اس کی مادہ خو خو کرتی ہوئی اس کے پیچھے پڑجاتی اور جھگڑتی رہتی۔

صبح کو وہ انسان بندر پھر روزی کی تلاش میں چلا جاتا اور جو کچھ کھانے کو ملتا واپس لا کر اپنی مادہ کو دیتا مگر گھر لوٹتے ہی مادہ خو خو کرکے اس کے پیچھے پڑجاتی۔

یہ بات سن کر دوسرے بندر حیران رہ گئے اور سیاح بندر سے پوچھا کیا اس بندر کی مادہ نے اس کے گلے میں رسی ڈال رکھی تھی کہ وہ رات کو واپس آجاتا تھا۔ سیاح بندر نے کہا نہیں ، اس کے گلے میں رسی نہیں تھی بس وہ پاگل خود ہی واپس آجاتا تھا۔

مصنف : روحانی ڈائجسٹ جنوری ۱۹۹۷

⁠⁠⁠حوالۂِ کتاب یا رسالہ : قلندر بابا اولیاؒء کی مجلس

اس سلسلے کے تمام مضامین :

قلندر بابا اولیاؒء کی مجلس