بال سیاہ کرنا
بابا صاحبؒ کے پاس جہاں خلقت مسائل کے حل کے لئے آتی وہاں ایسے اشخاص بھی آتے جو کسی علمی نکتے میں اٹکے ہوتے اور اسے سلجھانے کے لئے بات چیت کرتے اور مطمئن ہوکر جاتے تھے۔ اسی طرح کے ایک صاحب آئے ہوئے تھے۔
تھیوسوفی پر بات چیت ہورہی تھی ایک سوال بیان کرنے کے بعد مزاحاً کہنے لگے حضور آدھے بال تو سفید ہوگئے ہیں ذہن اس مسئلے میں ایسا الجھا ہے کہ لگتا ہے اسی میں بقیہ بھی سفید ہوجائیں گے۔
بابا صاحبؒ نے مسکراتے ہوئے فرمایا .. بھئی ہم آپ کو بال سیاہ کرنے کا نسخہ بتادیں گے۔
ان صاحب نے یہ سنا تو اشتیاق ظاہر کرنے لگے اور اصرار کرنے لگے۔ بابا صاحبؒ نے بتایا کہ آپ السی ، رائی اور میتھی کے بیج ہم وزن لے کر کوٹ چھان کر سفوف بنوالیں اور کھانا کھانے کے آدھے گھنٹے کے بعد ایک ماشہ کھا لیا کریں ، چھ ماہ تک استعمال کریں بال سیاہ ہوجائیں گے۔
ان صاحب نے یہ نسخہ استعمال کیا تو بال سیاہ ہونے لگے۔ ان کے ایک دوست نے جن کے بال بھی سفید ہورہے تھے معلوم کیا اور سیدھے بابا صاحب کی خدمت میں حاضر ہوئے۔ عرض کرنے لگے کہ حضرت آپ نے ایک نسخہ بال سیاہ کرنے کا بتایا ہے جس سے میرے دوست کے بال سیاہ ہوگئے ہیں ، وہ نسخہ میں بھی استعمال کرنا چاہتا ہوں مشورہ کے لئے حاضر ہوا ہوں۔
بابا صاحبؒ نے ان سے فرمایا کہ آپ کے لئے یہ نسخہ زیادہ بہتر رہے گا ، اور نسخہ تجویز فرمایا ہلیلہ سیاہ کوٹ کر سفوف بنوالیں اور ایک ماشہ رات کو سوتے وقت دودھ ، چائے یا پانی کے ہمراہ کھائیں چھ ماہ تک استعمال کریں۔ چند ماہ میں ان صاحب کے سفید بال بھی سیاہ ہوگئے۔
مصنف : مشعل رحیم سید نعمان ظفر عالم
حوالۂِ کتاب یا رسالہ : روحانی ڈائجسٹ جنوری ۲۰۰۱ روحانی ڈائجسٹ جنوری ۲۰۰۲ِِ