شاہ عبدالطیف بھٹائیؒ
ہمارے ایک دوست تھے مظفر صاحب یہ حضور باباصاحب ؒ کی حیات میں ہی بروک بانڈ کمپنی میں سیلزڈائریکٹر تھے۔ حضور باباصاحبؒ ہر اتوار کی شام کو ان کے گھر تشریف لے جاتے اور بہت سارے لوگ جمع ہوکر اپنے مسائل پیش کرتے تھے۔ اللہ تعالیٰ مظفر صاحب کو جنت الفردوس میں جگہ دیں اور بہت سی نعمتیں عطا کریں ۔ حضور بابا صاحب ؒ کی انہوں نے بہت خدمت کی ہے۔ ایک روز پروگرام بنا کہ حضرت لعل شہباز قلندر ؒ اور شاہ عبدالطیف بھٹائی کے مزارات پر حاضری دی جائے۔ شاہ عبدالطیف بھٹائی ؒ کے مزارِ مبارک میں جب سب لوگ اندر تشریف لے گئے اور فاتحہ پڑھی تو حضور بابا صاحب ؒ تیزی کے ساتھ مزار سے متصل مسجد میں چلے گئے۔ مسجد کے ایک گوشے میں بہ نفسِ نفیس وبہ تمام کمال جسمانی طور پر اللہ کے دوست حضرت شاہ عبدالطیف بھٹائی ؒ موجود تھے۔ حضور بابا صاحب قبلہؒ نے نہایت ادب و احترام کے ساتھ ان سے مصافحہ کیا اور عرض کیا۔ ’’شاہ صاحب ! میرے ساتھ اور بھی لوگ ہیں ، وہ ڈر جائیں گے۔‘‘
ان الفاظ کے ساتھ ہی شاہ صاحب ؒ بجلی کے کوندے کی طرح نظروں سے اوجھل ہوگئے۔
مصنف : خواجہ شمس الدین عظیمی
حوالۂِ کتاب یا رسالہ : تذکرہ قلندر بابا اولیاءؒ
یہ مضمون چھپی ہوئی کتاب یا رسالہ میں صفحہ نمبر 71 سے 72تک ہے۔