زمرہ جات: خواب اور تعبیر

پرانی اعصابی بیماری

ناصر حسین صاحب کا خواب کچھ یوں ہے

دیکھا کہ کچھ لوگ میری تلاش میں ہیں اور میں ان سے چھپتا پھر رہا ہوں۔ کافی تگ و دو کے بعد میں اپنے آپ کو بلند و بالا عمارت پر دیکھتا ہوں۔ وہ عمارت کسی تعلیمی درسگاہ کا ایک حصہ ہے۔ وہاں اور لوگ بھی موجود ہیں وہ لوگ مجھے پکڑ لیتے ہیں اور ایک ریڑھی پر بٹھا کر تیزی سے لے جاتے ہیں۔ رفتار اتنی تیز ہے کہ عمارت بہت چھوٹی سے نظر آرہی ہے پھر میں خود کو ایک مکان میں پاتا ہوں۔ کمرے میں ایک صاحب چارپائی پر سفید چادر اوڑھے لیٹے ہیں۔ میں چادر اٹھا کر دیکھتا ہوں تو وہ ایک لاش تھی۔   پھر دیکھا کہ کمرے کے ایک کونے میں حوض بنا ہوا ہے اور اس حوض میں انسانی اعضاء بکھرے ہوئے ہیں اس گھر میں ایک عورت بھی ہے جو کہتی ہے کہ تمہارا بھی یہی حشر ہوگا۔ اتنے میں دروازے پر دستک ہوتی ہے۔ عورت دروازہ کھول دیتی ہے اور بہت سی عورتیں اندر داخل ہوکر انسانی اعضاء پر ٹوٹ پڑتی ہیں اور کھانے لگتی ہیں۔

تعبیر

قلندر بابا اولیاؒء نے خواب کی کڑیوں کو جوڑ کر معنی یوں واضح فرمائے

خواب میں لوگوں کی تلاش کئی اعصابی بیماریوں کی سمت ایک اشارہ ہے۔ بلند و بالا عمارت کا مطلب ہے کہ یہ بیماری پرانی ہوچکی ہے مگر عمارت تعلیمی درسگاہ ہے اس سے مراد ہے کہ بیماری لاعلاج نہیں ہے کچھ لوگوں کا ریڑھی پر بٹھا کر لے جانا اور عمارت کا چھوٹا سا نظر آنا ایک مکان ، ایک ، کمرہ ، سفید چادر میں لپٹا ہوا ایک شخص ، چادر کے اندر اس شخص کی لاش ، حوض میں انسانی اعضاء کا بکھرا ہوا دیکھنا یہ سب نقوش ہیں غلط علاج ، غلط تشخیص او غلط دواؤں کے  کوئی عورت علاج کے سلسلے میں غلط مشورہ دیتی ہے۔ بہت سی عورتوں کا انسانی اعضاء کھانے پر ٹوٹ پڑنا سب بے احتیاطیوں اور بد پرہیزیوں کی علامت ہیں۔ اس طرح لاشعور نے تنبیہہ کیا ہے کہ ہوشیار معالج سے پرہیز کے ساتھ علاج کروایا جائے۔

مصنف : سہیل احمد

⁠⁠⁠حوالۂِ کتاب یا رسالہ : روحانی ڈائجسٹ جنوری ۱۹۹۵ِِ

اس سلسلے کے تمام مضامین :

خواب، تجزیہ اور تعبیر